حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، موسسہ شہید عارف الحسینی دفتر مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کی طرف سے "شب شعر بیاد شھداء مقاومت و سانحہ مچھ" کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام میں مشھد مقدس کے معروف شعرائے کرام نے سردار اسلام شہید سلیمانی اور شہید ابو مھدی المھندس کو نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
پروگرام کی ابتدا قرآن مجید کی تلاوت سے ہوئی جس کی سعادت جناب رضا حیدر طوسی نے حاصل کی۔ ناظم ممبر کے فرائض معروف شاعر جناب شمس جعفری نے انجام دیے۔
مشہور شاعر استاد سید سجاد اطہر کاظمی نے شہید سردار سلیمانی اور ابومھدی المھندس پر اپنا تازہ کلام پڑھا اور حاضرین کو متاثر کیا۔ جناب تقی ذاکر نے اپنی بہترین آواز کے ساتھ حاضرین کے دلوں کو گرمایا۔
مشہد کے ہردل عزیز شاعر جناب علی اصغر مشہدی نے اپنے مخصوص انداز میں خوب داد تحسین حاصل کی۔ برادر قمر عباس کشمیری اور برادر ذاکر اسدی نے اپنی سوز بھری اواز میں شہداء کے ترانے پڑھے۔
پروگرام کے مہمان اور خطیب جامعہ المصطفے شعبہ مشھد مقدس کے معاون آموزش حجت الاسلام والمسلمین حاج آقای عصار زادہ تھے۔
انہوں نے شہید سردار سلیمانی کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے شہید ابو مھدی المھندس کے خدا وند کریم پر محکم ایمان اور انکی شجاعت و بصیرت پر بھی گفتگو فرمائی۔
حجت الاسلام عصار زادہ نے پاکستان میں حالیہ شیعہ نسل کشی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شھدا کی بلندی درجات کی دعا فرمائی اور کہا کہ شیعیان پاکستان آپس میں اتحاد و محبت کے ساتھ تمام چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کے آپس کے اتحاد سے بے حد خائف ہیں اور مسلمانوں کو اپس میں دست و گریبان کرنے کے لئے نت نئے حربے استعمال کرتے ہیں۔
اسلام و پاکستان کے لئے دعائیہ کلمات حجت الاسلام عارف حسین تھہیم نے ادا کئے ۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشھد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام اقا عقیل حسین خان نے تمام مہمانوں کا پروگرام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں شعیہ علماء کونسل شعبہ مشہد کے نمائندہ وفد نے خصوصی شرکت کی۔